رمضان میں مہنگائی کا طوفان، غریب کی مشکلات میں اضافہ

رمضان میں مہنگائی کا طوفان، غریب کی مشکلات میں اضافہ

پرائس لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے سے شہری پریشان، کارروائیاں کاغذی قرار

بورے والا (سٹی رپورٹر) رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مہنگائی کے بڑھتے ہوئے طوفان نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے مہنگائی پر قابو پانے کے دعوے عملی طور پر پورے ہوتے دکھائی نہیں دے رہے ۔شہر اور گردونواح میں پھل، سبزیاں، گوشت اور دیگر اشیائے خورونوش سرکاری نرخوں کے برعکس زائد قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں جس کے باعث عام آدمی شدید پریشانی کا شکار ہے ۔ شہریوں انیس، شاہد، سلیم، علی اکبر اور دیگر نے بتایا کہ سہولت بازاروں اور عام مارکیٹوں میں مارکیٹ کمیٹی کی جاری کردہ پرائس لسٹ کے مطابق اشیاء دستیاب نہیں جبکہ بیشتر چیزیں دگنے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔شہریوں کا کہنا تھا کہ پرائس مجسٹریٹس کی کارروائیاں بھی صرف کاغذی حد تک محدود نظر آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ متوسط اور غریب طبقے کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز منافع خوری اور گراں فروشی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور مارکیٹوں میں سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں