شیعہ علماء کونسل کا فلسطینی و ایرانی مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی
مظفرگڑھ میں بھی یوم القدس ریلیاں ، اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاج کیا گیا فلسطینی آزادی اورمسلم دنیا کے اتحاد کے حق میں قراردادیں بھی منظور
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی کال پر 23 رمضان المبارک بروز جمعہ یوم القدس کے طور پر منایا گیا۔ ضلع مظفرگڑھ کے مختلف مقامات پر قدس ریلیوں اور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جن میں قبلہ اول سمیت سرزمین فلسطین پر اسرائیلی تسلط اور ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ضلعی صدر مقام پر شیعہ علماء کونسل کے زیراہتمام احتجاجی ریلی جامعہ مسجد جعفریہ سے نکالی گئی جو مرکزی بازار سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی جہاں احتجاجی اجتماع منعقد ہوا۔ شرکا نے امریکہ، اسرائیل اور انڈیا کے مظالم کے خلاف نعرے بازی کی اور فلسطینی و ایرانی مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ شرکا نے ہاتھوں میں شہداء کی تصاویر، کتبے اور پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے ۔ریلی میں شیعہ علماء کونسل کے علاوہ جماعت اسلامی، جماعت اہل سنت، انجمن تاجران، سول سوسائٹی اور پیپلز پارٹی سمیت مختلف مکاتب فکر کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ مقررین نے خطاب میں کہا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے عالمی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے اور مسلم ممالک کو باہمی اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے ، مسلم دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر فلسطین کی آزادی اور مسلم دنیا کے اتحاد کے حق میں قراردادیں بھی منظور کی گئیں جبکہ شہداء اسلام کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔احتجاجی اجتماع سے مولانا ہاشم عرفانی، مولانا جواد شمسی، پروفیسر افتخار ہاشمی، غضنفر عباس نقوی، مولانا طارق ساجد، طارق شریف، شیخ عامر سلیم، امیر حسن، ملک جاوید احمد، رانا عمر دراز فاروقی، ملک مظہر پہوڑ، غلام عباس بخاری، مولانا توقیر شاکری اور مولانا الیاس عارف سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
ادھر مجلس وحدت المسلمین اور آئی ایس او کے زیر اہتمام یوم القدس ریلی امام بارگاہ امامیہ مہاجرین سے نکالی گئی۔ریلی میں ضلعی صدر سید شفقت علی کاظمی و دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ آیت اللہ خامنہ ای اور شہداء ملت ایرانی کے درجات بلندی ،کفار کے مقابلے میں ملت ایران کی کامیابی کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔