وہاڑی میں انرجی بحران سے تاجروں کو شدید مالی نقصان

وہاڑی میں انرجی بحران سے تاجروں کو شدید مالی نقصان

بجلی اور گیس کی غیر یقینی فراہمی سے کاروباری سرگرمیاں متاثر،اقدامات کا مطالبہ

وہاڑی (خبرنگار) وائس چیئرمین مرکزی کریانہ ایسوسی ایشن پنجاب حاجی محمد اسلم مدنی اور صرافہ ایسوسی ایشن وہاڑی کے صدر حاجی نوید اختر نے بڑھتے ہوئے انرجی بحران پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی غیر یقینی فراہمی نے کاروباری سرگرمیوں کو شدید متاثر کر دیا ہے ، جس کے باعث مارکیٹوں میں کاروباری اوقات محدود ہو کر رہ گئے ہیں اور تاجروں کو مالی نقصانات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجر سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں کیونکہ بڑھتی لاگت اور کم ہوتی فروخت نے ان کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل بنا دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعت و تجارت کا پہیہ رواں رکھنے کے لیے توانائی کی بلا تعطل فراہمی ناگزیر ہے ۔تاجر رہنماؤں نے کہا کہ بلاشبہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے عالمی سطح پر بڑھتی قیمتوں کے باوجود عوامی مفاد میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا، تاہم اس کے باوجود چھوٹے تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انرجی بحران پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں اور تاجر برادری کو ریلیف دینے کے لیے بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں استحکام لایا جائے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت تاجر برادری کے مسائل کو سنجیدگی سے لے کر فوری اور مؤثر حل نکالے گی تاکہ معاشی سرگرمیاں بحال رہ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں