پنجاب میں زیور تعلیم پروگرام بند، غریب بچیاں متاثر
حکومت کا وظیفہ ختم، بجٹ دیگر شعبوں میں منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب میں غریب بچیوں کے لئے جاری زیور تعلیم پروگرام کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق کابینہ نے اس منصوبے کی بندش کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے ، جس کے تحت سرکاری سکولوں میں طالبات کی حاضری بڑھانے کیلئے ماہانہ ایک ہزار روپے وظیفہ دیا جاتا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زیور تعلیم پروگرام شہباز شریف کے دور حکومت کا ایک فلیگ شپ منصوبہ تھا، جس کیلئے ہر سال تقریباً 7 ارب 35کروڑ روپے مختص کئے جاتے تھے۔
تاہم مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے اور سکولوں میں طالبات کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کے باعث حکومت نے یہ سکیم بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔دستاویزات کے مطابق اس پروگرام کا بجٹ اب دیگر اہم شعبوں جیسے ٹرانسپورٹ، اساتذہ کی بھرتی، امتحانات اور دیگر تعلیمی امور پر خرچ کیا جائے گا تاکہ مجموعی نظام تعلیم کو بہتر بنایا جا سکے ۔ماہرین تعلیم کے مطابق اس پروگرام کی بندش سے غریب بچیوں کے تعلیمی مواقع متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، اور حکومت پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ متبادل اقدامات کے ذریعے طالبات کی تعلیم کو فروغ دے۔