سی پورٹس بذریعہ ریلوے ملک بھر سے منسلک کرنیکا مطالبہ

سی پورٹس بذریعہ ریلوے  ملک بھر سے منسلک کرنیکا مطالبہ

ملتان (لیڈی رپورٹر)ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن محمد حنیف گل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صدر ایوان میاں بختاور تنویر شیخ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ریلوے کارگو، کارپوریٹ بزنس، ملتان ڈرائی پورٹ ٹرسٹ اور ریلوے اثاثہ جات کی لیز سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نائب صدر اظہر بلوچ، سابق صدر و چیئرمین ملتان ڈرائی پورٹ ٹرسٹ خواجہ محمد حسین، ممبر ایگزیکٹو کمیٹی احتشام الحق اور سیکرٹری جنرل محمد شفیق بھی موجود تھے ، جبکہ ریلوے حکام میں ڈویژنل کمرشل آفیسر رملہ شاہد، ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر عدنان مروت، ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ صدف اقبال، اسسٹنٹ ٹرانسپورٹیشن آفیسر رضوان خالد اور پی آر او راؤ تسلیم شریک تھے ۔ملاقات میں ریلوے کارگو سسٹم کی بہتری، ڈرائی پورٹ کے مؤثر استعمال اور ریلوے اثاثہ جات کو لیز پر دینے کے طریقہ کار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ صدر ایوان میاں بختاور تنویر شیخ نے کہا کہ سی پورٹس کو ریلوے کے ذریعے ملک بھر سے مؤثر انداز میں منسلک کیا جائے تاکہ بڑھتی ہوئی ٹرانسپورٹ لاگت میں کمی لائی جا سکے ۔ انہوں نے ریلوے کارگو میں ڈور ٹو ڈور پالیسی متعارف کرانے کی تجویز بھی دی۔خواجہ محمد حسین نے کہا کہ کراچی سے ملتان تک ٹرین کے ذریعے سامان کی ترسیل سستی اور مؤثر ہے، اس نظام کو فروغ دینا ضروری ہے ۔ محمد حنیف گل نے کہا کہ پاکستان ریلوے کاروباری برادری کو زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور ڈور ٹو ڈور کارگو پالیسی پر پیش رفت جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں