شہر میں بارش، سالڈ ویسٹ کی کارکردگی پرمنعم ظفر کوتشویش
سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی نااہلی کی سزا کراچی کے عوام بھگت رہے ہیںبارش سے نالے بھرنا، اہم سڑکوں پرپانی جمع ہونا انتظامی نااہلی ہے ، بیان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شہر میں بارش کے بعدبرساتی نالوں کے بھر نے ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی نا اہلی و بد انتظامی سے بروقت کچرا نہ اٹھانے کے باعث پیدا صورتحال اور شہریوں کو درپیش مشکلات و پریشانی پر گہری تشویش کا اظہار کیا، اور کہا ہے کہ سندھ حکومت و میئر اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی نا اہلی کی سزا کراچی کے عوام بھگت رہے ہیں۔بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے و دیگر واقعات میں 5سالہ بچی سمیت 6افراد کا جاں بحق ہونا انتہائی افسوسناک ہے ، حالیہ بارش نے ایک بار پھر سندھ حکومت اور میئر کے دعوؤں اور کارکردگی کی قلعی کھول دی، منعم ظفر نے کہا کہ بارش ہوتے ہی نالوں میں برساتی پانی بھر گیا اور پانی سڑکوں پر آگیا جبکہ نکاسی کا کوئی موثر انتظام نہ ہونے کے باعث شاہراہ فیصل، ایم اے جناح روڈ سمیت شہر بھر کی اہم سڑکوں و شاہراہوں اور گلیوں میں بھی پانی بھر گیا، گٹر اُبلنے سے گندگی بھی پھیل گئی، اور جگہ جگہ بارش کا اور گٹر کا پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک روانی، تجارتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، شہری ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہو گئے ہیں، منعم ظفر خان نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا سالانہ بجٹ 43ارب روپے ہے جبکہ نالوں کی صفائی کے لیے بھی 40ارب سے زائد رقم مختص تھی لیکن اس کے باوجود نہ نالے صاف ہوئے اور نہ شہر سے کچرا اُٹھایا گیا۔