آئیڈیل آزادی صحافت کیلئے ہمیں خرابیوں کودور کرنا ہوگا، سعید غنی
اخبارات، مالکان، سوشل میڈیا کوفراہم سہولیات ورکرز تک پہنچنی چاہئیں، صوبائی وزیر عدلیہ کی آزادی تواب آئین سے بھی آزاد ہوچکی، پریس کلب میں میڈیا کنونشن سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر محنت، افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ملک میں آئیڈیل آزادی صحافت کیلئے ہمیں معاشرے میں موجود تمام خرابیوں کو دور کرنا ہوگا۔ ریاست پاکستان اور حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ میڈیا ورکرز کے مسائل حل کریں، اور جو سپورٹ وہ میڈیا مالکان، اخبارات اور سوشل میڈیا کو دے رہی ہیں، اس کو میڈیا ورکرز تک پہنچائیں۔ عدلیہ کی آزادی تو افتخار چوہدری کے بعد اس طرح کی ہوگئی ہے کہ وہ آئین سے بھی آزاد ہوچکی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے تحت کراچی پریس کلب میں منعقدہ کنونشن برائے میڈیا قوانین، ریگولیشن و اخلاقیات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے سینیٹر میاں رضا ربانی، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی صدر افضل بٹ، سیکرٹری جنرل حسن انصاری، کے یو جے کے صدر طاہر حسن خان، سابق سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے ناصر زیدی، توصیف خان، مظہر عباس، حبیب الدین جنیدی، فلم اسٹار مصطفی قریشی، سردار لیاقت و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی، پی ٹی آئی کے زبیر احمد، ڈپٹی مئیر کراچی سلمان مراد، ڈائریکٹر انفارمیشن ماجد خان، یونس بندھانی، احمد چنائی و دیگر صحافی تنظیموں کے رہنماؤں وصحافیوں نے شرکت کی۔ سعید غنی نے کہا کہ آج کے اس کنونشن میں جہاں صحافتی تنظیموں کے قائدین، رہنما اور عہدیداران موجود ہیں انکی موجودگی میں شاید میڈیا کی تاریخ اور اسکی آزادی پر ان سے بہتر بات نہیں کرسکتا۔