کامیابی محنت ، سکون ذکر الٰہی میں مضمر، سعید انور
رسول کریم ؐ انسانیت کیلئے کامل نمونہ،اخلاقی اقدار کو اپنایا جائے ،خطاب
ملتان (خصوصی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی میں پاکستان کے سابق کرکٹر اور عالمی شہرت یافتہ بلے باز سعید انور نے طلباء و طالبات کے لئے خصوصی لیکچر دیا، جس میں انہوں نے دین اسلام پر عمل کرتے ہوئے دنیا اور آخرت میں کامیابی کے اصول بیان کئے ۔سعید انور نے کہا کہ کامیابی صرف محنت اور لگن سے حاصل ہوتی ہے ، اور حقیقی سکون اللہ تعالیٰ کی یاد اور دین کی پیروی میں ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں کو علم کے ساتھ کردار سازی اور اخلاقی اقدار اپنانے کی بھی تلقین کی۔ لیکچر میں اخلاقیات، رواداری، برداشت اور خیر خواہی کے ذریعے مثالی معاشرہ قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا اور رسول اکرم ﷺ کو انسانیت کے لئے کامل نمونہ قرار دیا گیا۔یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ نے سعید انور کی آمد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ان کا بیان نوجوانوں کے لئے رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے لیکچر میں سیکولر تعلیم کے ساتھ مذہبی اور اخلاقی تربیت کے امتزاج کو اہم قرار دیا تاکہ طلباء علمی اور عملی زندگی دونوں میں کامیاب ہو سکیں۔