بوریوالا میں نمبرداران کنونشن، ذمہ داریوں اور اصلاحات پر آگاہی
ا ے سی کالینڈ ریونیو ایکٹ ترامیم، عوامی مسائل کے حل ، انتظامیہ سے تعاون پر زور
بوریوالا(سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی ہدایت پر بوریوالا میں نمبرداران کنونشن منعقد کیا گیا جس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین ملک نے کی۔ کنونشن کے دوران نمبرداران کو لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 میں حالیہ ترامیم اور ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ نمبردار حکومت کے نمائندے ہوتے ہیں اور یہ عہدہ معاشرے میں عزت و وقار کی علامت سمجھا جاتا ہے ، اس لیے ہر نمبردار کو چاہیے کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کرے ۔ انہوں نے سرکاری واجبات کی وصولی، عوامی رہنمائی، وراثتی معاملات کے حل، خواتین کے حقوق کے تحفظ، مشکوک یا غیر قانونی افغان باشندوں کی بروقت اطلاع، صفائی و ستھرائی، آوارہ کتوں کی تلفی اور سموگ کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت کی۔کنونشن کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین ملک نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے نمبرداران میں حسن کارکردگی کے لیٹرز بھی تقسیم کیے ۔ اس موقع پر ضلعی افسران، تحصیلدار بوریوالا، پٹواریان، ریونیو سٹاف، نمبرداران ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور تحصیل بوریوالا کے نمبرداروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔