جہانیاں ہسپتال پولیس کاؤنٹر غیر فعال، شہریوں کو مشکلات
پولیس عملہ اکثر غائب، ایمرجنسی میں بروقت مدد نہ ملنے پر شہریوں کا احتجاج
جہانیاں (نمائندہ دنیا) ٹی ایچ کیو ہسپتال جہانیاں میں قائم پولیس خدمت کاؤنٹر دن اور رات کے اوقات میں اکثر غیر فعال رہنے لگا ہے ، جہاں تعینات پولیس اہلکاروں کی عدم موجودگی معمول بن گئی ہے ، جس کے باعث سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہریوں کے مطابق ایمرجنسی صورتحال میں بھی پولیس کی بروقت معاونت دستیاب نہیں ہوتی، جس سے مریضوں کے لواحقین کو شدید پریشانی اٹھانا پڑتی ہے ۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ کاؤنٹر پر تعینات عملہ خصوصاً رات کے اوقات میں اکثر غیر حاضر رہتا ہے ، جس کے باعث شکایات کے اندراج اور فوری قانونی مدد کا عمل متاثر ہو رہا ہے ۔ شہریوں نے بتایا کہ ہسپتال میں پیش آنے والے ہنگامی واقعات کے دوران پولیس کی عدم موجودگی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے ۔مقامی افراد نے آر پی او ملتان، ڈی پی او خانیوال اور ڈی ایس پی جہانیاں سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال میں قائم پولیس خدمت کاؤنٹر کو فوری طور پر فعال بنایا جائے اور وہاں 24 گھنٹے عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ شہریوں محمد بلال، محمد ارشد، محمد اظہر، محمد منیر اور دیگر نے کہا کہ ہسپتال جیسے حساس مقام پر پولیس کی مستقل موجودگی انتہائی ضروری ہے ، اس مسئلے کا فوری اور مستقل حل نکالا جائے ۔