کرپشن ثابت ، ڈی ایف سی وہاڑی سمیت دو افسر برطرف
بوگس پوائنٹس بنا کر آٹے کی خورد برد کا انکشاف، فلور ملز پر بھاری جرمانہ عائد
وہاڑی،بوریوالا(خبر نگار، نمائندہ خصوصی،سٹی رپورٹر) ڈی جی فوڈ پنجاب امجد حفیظ نے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے کرپشن ثابت ہونے پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وہاڑی حافظ امجد منیر کو ملازمت سے برطرف کر دیا جبکہ گرین سپروائزر عثمان اللہ کو بھی نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حافظ امجد منیر نے ضلع وہاڑی میں تعیناتی کے دوران فلور ملز مالکان سے ساز باز کر کے مبینہ طور پر کرپشن اور رشوت ستانی میں ملوث ہونے کا ارتکاب کیا۔اطلاعات کے مطابق 25 فروری 2026 کو سپیشل مانیٹرنگ یونٹ اور خفیہ اداروں نے ڈی جی فوڈ پنجاب کو حاجی فقیر فلور مل بوریوالا کی جانب سے چار بوگس سیل پوائنٹس بنا کر روزانہ ہزاروں آٹے کے تھیلوں کی خورد برد کی اطلاع دی۔ 26 فروری کو خفیہ چیکنگ کے دوران الزامات درست ثابت ہوئے ۔ تحقیقات میں فلور ملز انتظامیہ کی جانب سے جعلی سیل پوائنٹس ظاہر کر کے آٹے کی غیر قانونی ترسیل سامنے آئی، جس پر ایک کروڑ 41 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔مزید برآں گرین سپروائزر عثمان اللہ شفاف آٹے کی ترسیل یقینی بنانے میں ناکام رہا اور شوکاز نوٹس کا تسلی بخش جواب نہ دے سکا، جس پر اسے بھی ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس کارروائی کو کرپشن کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے ۔