اسٹامپ ایکٹ ترمیم، قابل تفویض دستاویز کو قانونی حیثیت

اسٹامپ ایکٹ ترمیم، قابل تفویض دستاویز کو قانونی حیثیت

ایک فیصد اسٹامپ ڈیوٹی، کم فیسیں، جائیداد لین دین میں شفافیت اور آسانی متوقع

ملتان (وقائع نگار خصوصی) حکومت پنجاب نے اسٹامپ ایکٹ 1899 میں ترمیم کرتے ہوئے اسٹامپ آرڈیننس 2026 نافذ کر دیا ہے ، جس کے تحت قابل تفویض دستاویز کو باقاعدہ قانونی حیثیت دے دی گئی ہے ۔ یہ اقدام بورڈ آف ریونیو اور پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے جس کا مقصد جائیداد کے لین دین کو شفاف، محفوظ اور آسان بنانا ہے ۔نئی ترمیم کے مطابق بارہ ماہ تک قابل تفویض دستاویز پر صرف ایک فیصد اسٹامپ ڈیوٹی اور 0.1 فیصد سروس چارجز لاگو ہوں گے جبکہ اس دوران دیگر ٹیکسز لاگو نہیں ہوں گے ۔ زرعی زمینوں کے انتقال اور رجسٹری فیس میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے جس سے شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان ٹیکس کا فرق ختم ہو گیا ہے ۔

قابل تفویض دستاویز کے تحت جائیداد کے حقوق بغیر حتمی بیع نامہ کے منتقل کیے جا سکیں گے اور اس کا اندراج ای رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس اقدام سے غیر رسمی بیانہ اور فائل ٹریڈنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی جبکہ سرمایہ کاری میں اضافہ اور فراڈ کے امکانات میں کمی آئے گی۔حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پراپرٹی سیکٹر میں شفافیت، سہولت اور تحفظ کو فروغ دے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں