سکولوں میں آن لائن حاضری لازمی،اندراج کاحکم
ڈیٹا اپڈیٹ نہ کرنے پر کارروائی، سی ای اوز کو سو فیصد ریکارڈ کی ہدایت
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ تعلیم نے سرکاری سکولوں میں طلبا اور اساتذہ کی حاضری کا آن لائن اندراج لازمی قرار دے دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق جو طلبا یا اساتذہ آن لائن حاضری نہیں لگائیں گے انہیں غیر حاضر تصور کیا جائے گا۔ سکول انفارمیشن سسٹم پر ڈیٹا اپڈیٹ نہ کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔تمام سی ای اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ سو فیصد ڈیٹا اپڈیٹ یقینی بنایا جائے جبکہ سیکرٹری ایجوکیشن نے طلبا کے داخلوں اور حاضری کے ریکارڈ میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔واضح کیا گیا ہے کہ طلبا و اساتذہ کی حاضری کا مکمل ریکارڈ سیس ایپ پر اپلوڈ کرنا لازمی ہوگا۔ سیکرٹری ایجوکیشن نے 20 اپریل تک مکمل ڈیٹا اپڈیٹ کرنے کی ڈیڈ لائن بھی دے دی ہے ۔مزید بتایا گیا ہے کہ غلط یا نامکمل ڈیٹا فراہم کرنے والوں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی جبکہ مانیٹرنگ ٹیموں کے دوروں کے دوران کسی بھی غلطی کی صورت میں ہیڈ ٹیچرز کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔