تعلیمی نظام بہتر بنانے کیلئے متبادل ہفتے سکول کھولنے کی تجویز

تعلیمی نظام بہتر بنانے کیلئے متبادل ہفتے سکول کھولنے کی تجویز

تدریسی دن بڑھانے کیلئے ہر دوسرے ہفتے سکول کھولنے پر غور کیا جارہا

ملتان (خصوصی رپورٹر)تعلیمی سیشن کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے لئے محکمہ سکولز نے ہر دوسرے ہفتے (آلٹرنیٹ سنیچر) کو سکول کھولنے کی تجویز دی ہے ۔ اس اقدام کا مقصد تدریسی دنوں میں اضافہ اور نصاب کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے ۔ذرائع کے مطابق تعلیمی سال میں چھٹیوں کی زیادہ تعداد اور غیر تدریسی سرگرمیوں کے باعث تدریسی وقت متاثر ہوتا ہے ، جس کے پیش نظر آلٹرنیٹ سنیچر کو تعلیمی سرگرمیوں کے لئے استعمال کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے ۔ اس سے طلبہ کو اضافی تعلیمی وقت میسر آئے گا اور اساتذہ کو نصاب مکمل کرنے میں آسانی ہوگی۔تعلیمی ماہرین کے مطابق دنیا کے کئی ممالک میں ہفتہ وار چھٹیوں کے شیڈول میں لچک رکھی جاتی ہے تاکہ تعلیمی معیار بہتر بنایا جا سکے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر اس فیصلے پر مؤثر عملدرآمد کیا جائے تو یہ تعلیمی نظام کے لیے مثبت ثابت ہو سکتا ہے ۔دوسری جانب بعض اساتذہ اور والدین نے اس تجویز پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ہفتہ کو سکول کھولنے سے طلبہ اور اساتذہ کے آرام کے اوقات متاثر ہو سکتے ہیں، لہٰذا اس معاملے پر مکمل مشاورت ضروری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں