نوسربازوں نے تاجر سے 60 لاکھ روپے ہتھیا لیے
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) رینالہ خورد کا ایک تاجر خانیوال میں نوسربازوں کے ہاتھوں بڑی رقم سے محروم ہوگیا۔۔۔
ملزمان نے انڈوں کی ٹرے تیار کر کے دینے کا جھانسہ دے کر متاثرہ تاجر سے 60 لاکھ روپے ہتھیا لیے ۔ یہ واقعہ تھانہ صدر کے علاقے پیرووال میں پیش آیا جہاں تاجر کو کاروباری لین دین کے بہانے بلایا گیا اور اسے دھوکے سے رقم سے محروم کر دیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے 9 ماہ بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ بتایا گیا ہے کہ عباس عرف عباسا گینگ ضلع بھر میں پہلے بھی سرگرم رہا ہے۔ اور اس کے خلاف نوسربازی اور چوری کے متعدد مقدمات درج ہیں، لیکن اس کے باوجود گروہ قانون کی گرفت سے باہر ہے ۔متاثرہ تاجر نوید اختر نے آر پی او ملتان اور ڈی پی او خانیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے لوٹی گئی رقم برآمد کی جائے اور انصاف فراہم کیا جائے ۔