لودھراں ،اندھا قتل حل ماں کا قاتل بیٹا گرفتار
لودھراں(سٹی رپورٹر )تھانہ صدر پولیس نے بزرگ خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے حیران کن انکشاف کیا ہے ۔۔
کہ مقتولہ کا بیٹا ہی اس کا قاتل نکلا۔ڈی ایس پی صدر سرکل عابد حسین بھلہ کے مطابق ملزم ناصر نے اپنی والدہ اللہ بچائی کو چھری کے پے در پے وار کر کے کھیتوں میں قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعے کے بعد مقتولہ کے دوسرے بیٹے محمد آصف کی مدعیت میں قتل اور مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔پولیس نے جدید تفتش سے اصل حقائق سامنے لائے تو معلوم ہوا کہ ناصر خود ہی واردات میں ملوث ہے ۔ تفتیش کے مطابق ملزم نے اپنی والدہ سے ڈیڑھ مرلہ زمین کا مطالبہ کیا تھا تاکہ شادی کر سکے ، انکار پر اس نے یہ سنگین قدم اٹھایا۔ملزم نے واردات کے بعد خود کو اغوا ظاہر کرنے کا ڈرامہ رچایا اور تین ماہ تک روپوش رہا۔ بعد ازاں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا، جس نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف بھی کر لیا۔