سکیورٹی ہائی الرٹ، مساجد وامام بارگاہوں پر سخت نگرانی
فول پروف انتظامات،200 سے زائد اہلکار تعینات، داخلی خارجی راستوں پر چیکنگ
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت خانیوال پولیس امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے متحرک ہے ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عابد کے احکامات پر ضلع بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے ۔ نمازوں کے دوران شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے 132 مساجد اور امام بارگاہوں پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق 200 سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ اہم مقامات پر چھتوں سے نگرانی، داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ اور مسلسل گشت جاری ہے ۔ڈی پی او محمد عابد نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نماز گزاروں کی حفاظت پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خانیوال پولیس ہر وقت الرٹ ہے اور امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈی پی او نے عوام سے اپیل کی کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے اور ضلع میں پرامن ماحول برقرار رکھا جا سکے ۔