گرین ٹریکٹرز پروگرام ، رقم جمع کرانے کی مہلت میں توسیع
گرین ٹریکٹرز پروگرام ، رقم جمع کرانے کی مہلت میں توسیعکاشتکار 15مئی تک الاٹمنٹ لیٹر حاصل کرکے رقم جمع کرائیں،ترجمان محکمہ زراعت
ملتان (وقائع نگار خصوصی) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹرز پروگرام فیز تھری کے تحت کامیاب قرار پانے والے کاشتکاروں کیلئے الاٹمنٹ لیٹر وصول کرنے اور اپنے حصے کی رقم جمع کروانے کی تاریخ میں آخری بار 15مئی 2026تک توسیع کردی گئی ہے ۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے تحت منتخب ہونے والے تمام کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے الاٹمنٹ لیٹر حاصل کریں اور اپنی واجب الادا رقم بروقت جمع کروائیں تاکہ انہیں پروگرام سے مکمل فائدہ حاصل ہوسکے ۔انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد وہ کاشتکار جو اپنی رقم جمع نہیں کروائیں گے ، ان کی الاٹمنٹ منسوخ کردی جائے گی اور انہیں پروگرام سے خارج تصور کیا جائے گا۔