سرکاری و نجی سکولوں میں سمر کیمپس لگانے کی اجازت

سرکاری و نجی سکولوں میں سمر کیمپس لگانے کی اجازت

یکم تا 30 جون کلاسز، اضافی فیس وصولی پر پابندی،اوقات کارصبح 7تا 10بجے

ملتان (خصوصی رپورٹر) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کو سمر کیمپس لگانے کی اجازت دے دی ہے ۔ اس حوالے سے وزیر تعلیم پنجاب کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق سمر کیمپس یکم جون سے 30 جون تک جاری رہیں گے اور ان کا وقت صبح 7 بجے سے 10 بجے تک مقرر کیا گیا ہے ۔ سمر کیمپس صرف پیر سے جمعرات تک منعقد ہوں گے جبکہ جمعہ کو تعطیل ہوگی۔محکمہ تعلیم کے مطابق سمر کیمپس میں طلبہ کی شرکت لازمی نہیں ہوگی اور والدین کی اجازت کے بغیر کسی بچے کو شرکت پر مجبور نہیں کیا جا سکے گا۔ نجی سکولوں کو سمر کیمپس کے نام پر کسی قسم کی اضافی فیس وصول کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سمر کیمپس کے دوران یونیفارم پہننا لازمی نہیں ہوگا۔ اور طلبہ کو موسم کے مطابق آرام دہ لباس پہننے کی اجازت ہوگی۔ سکول انتظامیہ کو ٹھنڈے پانی، پنکھوں، فرسٹ ایڈ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ جاری کردہ ایس او پیز اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں