میپکو:خراب میٹرز کی تبدیلی کیلئے 36 ہزارنئے میٹر جاری
تمام آپریشن سرکلوں کو میٹرز فراہم، فوری تنصیب کی ہدایت جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے شعبہ میٹریل مینجمنٹ نے جلنے اور خراب ہونے والے بجلی میٹرز کی تبدیلی کے لئے اپریل 2026ء کے اختتام تک 36 ہزار نئے سنگل فیز میٹرز مختلف آپریشن سرکلوں کو فراہم کر دیئے ہیں۔ڈائریکٹر میٹریل مینجمنٹ میپکو جاوید اقبال وینس کے مطابق ملتان سرکل کو 6 ہزار 50، ڈی جی خان سرکل کو 2 ہزار 910، بہاولپور سرکل کو 3 ہزار، رحیم یار خان سرکل کو 2 ہزار 950، مظفرگڑھ سرکل کو 3 ہزار 290، وہاڑی سرکل کو 4 ہزار 500، ساہیوال سرکل کو 5 ہزار 595، خانیوال سرکل کو 3 ہزار 630 اور بہاولنگر سرکل کو 4 ہزار 70 سنگل فیز میٹرز فراہم کئے گئے ہیں۔انہوں نے تمام آپریشن سرکلوں کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی ہے کہ ریجنل سٹورز ملتان اور ساہیوال سے میٹرز حاصل کرکے خراب اور جلنے والے میٹرز کی فوری تبدیلی کا عمل شروع کیا جائے۔
ڈائریکٹر میٹریل مینجمنٹ نے مزید کہا کہ میٹرز کی تبدیلی کے حوالے سے پیش رفت رپورٹ باقاعدگی سے میپکو ہیڈکوارٹر بھجوائی جائے تاکہ صارفین کو بروقت سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔