آن لائن گیمز میں جوئے کا رجحان بچوں کی تعلیم وتربیت متاثر

آن لائن گیمز میں جوئے کا رجحان بچوں کی تعلیم وتربیت متاثر

وہاڑی(نمائندہ خصوصی)موبائل فون پر کھیلی جانے والی آن لائن گیمز میں جوئے کے بڑھتے ہوئے رجحان نے والدین اور سماجی حلقوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق کم عمر بچے معمولی رقم یا انعامات کے لالچ میں ان گیمز کی طرف راغب ہو رہے ہیں جس سے ان کی تعلیم، اخلاقی تربیت اور ذہنی نشوونما متاثر ہو رہی ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ سکولوں کے طلبہ کے ساتھ ساتھ ورکشاپوں، ہوٹلوں، دکانوں اور دیگر کاروباری مراکز پر کام کرنے والے بچے بھی ان موبائل گیمز میں مصروف نظر آتے ہیں۔ ابتدا میں تفریح کے طور پر شروع ہونے والا یہ سلسلہ آہستہ آہستہ جوئے کی لت میں تبدیل ہو رہا ہے جس سے بچوں میں محنت کے بجائے آسانی سے پیسہ کمانے کا رجحان فروغ پا رہا ہے ۔سماجی رہنماؤں اور والدین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر اس رجحان پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو مستقبل میں نوجوان نسل مختلف سماجی برائیوں اور جرائم کی طرف مائل ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو مثبت سرگرمیوں، کھیلوں اور تعلیمی مصروفیات کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔شہریوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ جوئے اور سٹے بازی پر مبنی موبائل گیمز اور ایپس کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے ۔ ساتھ ہی والدین کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے موبائل فون کے استعمال اور آن لائن سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ تاکہ انہیں اس بڑھتے ہوئے خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں