واٹر سیوریج سروسز امپرومنٹ پروجیکٹ پروزیراعلیٰ کا جائزہ اجلاس

واٹر سیوریج سروسز امپرومنٹ پروجیکٹ پروزیراعلیٰ کا جائزہ اجلاس

ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر، میئر، ودیگر کی شرکت، پیشرفت رپورٹ پرتبادلہ خیال20لاکھ افراد کوصاف پانی فراہمی پرپیشرفت جاری ہے ، واٹر بورڈ حکام کی بریفنگ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار کے ساتھ ورچوئل جائزہ اجلاس کی صدارت کی اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ (کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی) پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی و ترقی ناصر حسین شاہ، میئر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نجم احمد شاہ، سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد، چیف ایگزیکٹو آفیسر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن احمد صدیقی، پراجیکٹ ڈائریکٹر کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی عائشہ حمید اور دیگر حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ اور ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی ون کے نفاذ کی صورتحال اور کے فور آگمین ٹیشن پراجیکٹ میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔واٹر بورڈ کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ کلورینیشن سہولیات کی توسیع اور پانی کے معیار کی نگرانی کے بہتر نظام کے ذریعے تقریباً 20 لاکھ افراد کو محفوظ پینے کے پانی تک رسائی فراہم کرنے کے ہدف پر پیشرفت جاری ہے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کا پانی اور سیوریج کا انفرا اسٹرکچر صوبے کو درپیش اہم ترین عوامی خدمات کے چیلنجز میں شامل ہے ۔ ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے آبی شعبے میں اصلاحات کے نفاذ کے لیے سندھ حکومت کے عزم کو سراہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں