ہل پارک کے اطراف غیر قانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن
متعددتعمیرات مسمار ، این اوسی جاری کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ لینڈ معطل غیرقانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ، میئرمرتضیٰ وہاب
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ہل پارک کے اطراف پہاڑی علاقے کو کاٹ کر کی جانے والی غیرقانونی تعمیرات کے خلاف رات گئے بڑا آپریشن کیا گیا جس میں ہیوی مشینری کی مدد سے متعدد تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر متنازعہ پلاٹ پر بنی باؤنڈری وال سمیت کئی غیرقانونی ڈھانچے گرا دیے گئے ۔ کارروائی ڈائریکٹر انکروچمنٹ شیر علی کی نگرانی میں محکمہ لینڈ کے عملے نے انجام دی۔ترجمان کے ایم سی کے مطابق ہل پارک کے اطراف سے تمام غیرقانونی تعمیرات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے ۔دوسری جانب ہل پارک کے اطراف غیرقانونی تعمیرات کے معاملے پر بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ لینڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نعمان کو معطل کر دیا گیا جبکہ بلدیہ اور جمشید ٹاؤن کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ کی جانب سے پلاٹ نمبر 39 جی فور کی کنڈیشنل این اوسی جاری کی گئی تھی۔ افسر کے خلاف کارروائی سے متعلق سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔ہل پارک تجاوزات انکوائری کے حوالے سے میئر نے کہا کہ پیش کیا گیا پلاٹ اصل لے آؤٹ پلان میں موجود ہی نہیں ۔ کے ایم سی نے پارک کی اراضی کبھی کسی فرد یا ادارے کو الاٹ نہیں کی، اراضی کے تعین اور حقائق جاننے کیلئے کے ایم سی نے باقاعدہ لینڈ سروے شروع کردیا۔ غیرقانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کرینگے۔