یونیورسٹی روڈ سمیت ڈرینج پوائنٹس کی فوری صفائی کے احکامات جاری
یونیورسٹی روڈ سمیت ڈرینج پوائنٹس کی فوری صفائی کے احکامات جارینالوں کی صفائی کے آپریشن اور بارشوں سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی ہدایات پر یونیورسٹی روڈ سمیت اہم ڈرینج پوائنٹس کی فوری صفائی کے احکامات جاری، روزانہ پیش رفت رپورٹ طلب کر لی گئی، تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت مون سون سیزن سے قبل نالوں، گٹروں اور ڈرینج سسٹم کی ڈی سلٹنگ اور صفائی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا، کنٹونمنٹ بورڈ، سپرنٹنڈنگ انجینئر، ایگزیکٹو انجینئر ڈرینیج اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر بھر میں نکاسی آب کے نظام، نالوں اور گٹروں کی صفائی کے جاری آپریشن اور مون سون بارشوں سے نمٹنے کیلئے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔متعلقہ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو مختلف علاقوں میں جاری ڈی سلٹنگ مہم، دستیاب مشینری، افرادی قوت اور اب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق مون سون سیزن سے قبل تمام بڑے اور چھوٹے نالوں، گٹروں اور ڈرینز کی مکمل اور بروقت ڈی سلٹنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یونیورسٹی روڈ سمیت شہر کے اہم مقامات پر واقع نالوں اور گٹروں کی فوری صفائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب کے نظام کو ہر صورت فعال رکھا جائے تاکہ بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے اور شہریوں کو درپیش مشکلات سے بچا جا سکے ۔