بجلی بل بروقت ادا نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا اعلان
بقایاجات پر سپلائی منقطع، جائیداد قرقی اور قانونی کارروائی ہوگی، میپکو
شجاع آباد(نامہ نگار) ایکس ای این میپکو شجاع آباد ڈویژن انجینئر عمیر قاسم نے خبردار کیا ہے کہ جون کے بجلی بل بروقت ادا نہ کرنے والے صارفین کی بجلی کی سپلائی منقطع کر دی جائے گی، جبکہ بقایاجات کی عدم ادائیگی پر جائیداد اور اثاثہ جات کی قرقی کا عمل بھی شروع کیا جائے گا اور متعلقہ صارفین کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے یہ بات ایس ڈی او شجاع آباد سب ڈویژن فرخ مجاہد اور ایس ڈی او سکندر آباد سب ڈویژن رانا اشتیاق کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انجینئر عمیر قاسم نے کہا کہ صارفین کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے ماہ جون کے بجلی کے بل اور بقایاجات فوری طور پر ادا کریں تاکہ سروس منقطع ہونے یا قانونی پیچیدگیوں سے محفوظ رہ سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بروقت بل ادا نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ خاص طور پر ٹیوب ویل صارفین کے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر ان کی جائیداد اور اثاثہ جات کی قرقی کا عمل شروع کیا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔انجینئر عمیر قاسم نے مزید کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی ریکوری اور نظام کی بہتری کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں، لہٰذا تمام صارفین بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی مشکل سے بچا جا سکے ۔