وفاقی محتسب نے شہریوں کو 10 لاکھ ریلیف دلایا،ڈاکٹر زاہد
وفاقی محکموں کی شکایات 60 دن میں حل کی جا رہی ہیں،کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب
ملتان (لیڈی رپورٹر)وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس ملتان میں شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لئے مؤثر اور تیز رفتار اقدامات جاری ہیں۔ وفاقی محتسب ملتان کے کوآرڈینیٹر ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر محمد زاہد نے مختلف وفاقی محکموں کے خلاف دائر شکایات کی سماعت کرتے ہوئے شہریوں کو مختلف بلوں کی مد میں 10 لاکھ روپے سے زائد کا ریلیف فراہم کیا۔ڈاکٹر محمد زاہد نے کہا کہ عوام وفاقی محتسب کی مفت سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنی شکایات وفاقی محتسب آفس ملتان میں درج کروائیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو شکایات کے اندراج اور پیروی کے لئے وکیل کی ضرورت نہیں ہوتی اور مقررہ ضابطہ کار کے تحت 60 روز کے اندر شکایات کے ازالے کی کوشش کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کے فیصلوں پر جلد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا قواعد و ضوابط کے مطابق بلا معاوضہ اور بروقت حل وفاقی محتسب کی بنیادی ذمہ داری ہے ، جس کے لئے ادارہ مسلسل کام کر رہا ہے ۔