تحصیل میاں چنوں میں انسولین کی قلت، مریض پریشان
شوگر کے مریضوں کو مشکلات، ہسپتال انتظامیہ کا سٹاک محدود ہونے کا مؤقف
میاں چنوں (سٹی رپورٹر) تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میاں چنوں میں شوگر کے مریضوں کے لیے ضروری دوا انسولین کی قلت کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ہسپتال میں انسولین کی محدود دستیابی کے باعث بڑی تعداد میں مریض خالی ہاتھ واپس جانے پر مجبور ہیں۔تفصیلات کے مطابق ہسپتال میں موجود انسولین صرف 30 افراد کو روزانہ فراہم کی جا سکتی ہے جبکہ میاں چنوں میں رجسٹرڈ شوگر مریضوں کی تعداد تقریباً 1200 ہے ۔ پہلے اس مسئلے کے حل کے لیے مریضوں کو ماہانہ بنیاد پر دو حصوں میں تقسیم کر کے انسولین فراہم کی جاتی تھی، مگر اس ماہ بروقت سپلائی نہ پہنچنے کے باعث صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے ۔مریضوں کا کہنا ہے کہ وہ دور دراز علاقوں سے کرایہ خرچ کر کے ہسپتال آتے ہیں لیکن انسولین نہ ملنے پر انہیں دوبارہ آنے کی ہدایت دے دی جاتی ہے جس سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ مریضوں شبیر حسین، فریاد علی، ناظم حسین، شفیق احمد، فردوس بی بی اور نورین بی بی نے محکمہ صحت سے فوری طور پر ادویات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔دوسری جانب ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر آصف نے مؤقف اختیار کیا کہ انسولین سٹاک میں موجود ہے تاہم روزانہ 25 سے 30 مریضوں کو سابقہ شیڈول کے مطابق دوا دی جا رہی ہے تاکہ پورا ماہ نظام برقرار رکھا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے مطابق ہر مریض کو ماہانہ ایک انسولین فراہم کی جا رہی ہے ۔