خانیوال میں محرم انتظامات، ضلعی انتظامیہ متحرک
فول پروف سکیورٹی، سہولیات کی فراہمی اور کنٹرول رومز فعال کرنیکی ہدایت
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عاشورہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، فول پروف سکیورٹی اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ خانیوال متحرک ہے ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید نے محرم الحرام کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی نعیم صادق چیمہ، اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس اور مختلف ضلعی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں کے راستوں پر پانی کا چھڑکاؤ، فسیلیٹیشن کیمپس اور کلینک آن ویلز کے قیام کو یقینی بنایا جائے تاکہ عزاداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے ۔انہوں نے سبیلوں کے قیام کے لیے جاری ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مرکزی اور تحصیل سطح کے کنٹرول رومز کی نگرانی گریڈ 17 سے کم افسر کے پاس نہیں ہوگی جبکہ 24 گھنٹے فعال کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے ۔انہوں نے واضح کیا کہ نفرت انگیز تقاریر، وال چاکنگ اور اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں سے لٹکتی تاریں، خراب ٹرانسفارمرز اور کھلے مین ہولز فوری طور پر ختم کیے جائیں۔
جبکہ پیچ ورک اور مرمتی کام بروقت مکمل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ عزاداروں کی سہولت کے لیے سٹریٹ لائٹس کی تنصیب تیزی سے جاری ہے اور تمام ادارے باہمی رابطے اور مؤثر کوآرڈینیشن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔