انجمن تاجران حسن آباد خانیوال کی تقریب حلف برداری
ملتان (لیڈی رپورٹر)انجمن تاجران حسن آباد ٹاؤن گیٹ نمبر 1 خانیوال روڈ کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی، جس میں ملتان تاجر اتحاد کے چیئرمین چودھری محمد حنیف، میاں محمد ثاقب صدیق اور محمد شاہد حیدر نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔
نومنتخب عہدیداروں میں صدر رحمت علی گجر، سینئر نائب صدر چودھری محمد عمر الزماں، جنرل سیکرٹری محمد شاہد کمبوہ اور دیگر شامل تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری محمد حنیف نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی نے عوام اور تاجر برادری کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے ۔ حکومت بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں فوری کمی کرے ۔میاں محمد ثاقب صدیق نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقے کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج ناگزیر ہے جبکہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ، اس لئے تاجروں کے مسائل فوری حل کئے جائیں۔نومنتخب صدر رحمت علی گجر نے کہا کہ وہ تاجروں کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔ انہوں نے چھوٹے تاجروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔ تقریب کے اختتام پر نئی قیادت کو مبارکباد دی گئی۔