پاور لوم انڈسٹری نظرانداز بجٹ مسترد،عبدالخالق
ملتان (لیڈی رپورٹر)آل پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن ملتان زون کے اہم اجلاس میں بجٹ 2026-27 کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے اشرافیہ کا بجٹ قرار دیا گیا۔ اجلاس کی صدارت عبدالخالق قندیل انصاری نے کی۔
مقررین نے کہا کہ بجٹ میں پٹرول، بجلی، گیس اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی یا سولرائزیشن پالیسی کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ جبکہ پاور لومز انڈسٹری، جو ٹیکسٹائل شعبے کی بنیاد ہے ، اسے مکمل نظر انداز کیا گیا۔مرکزی صدر خالق قندیل انصاری نے کہا کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل ایکسپورٹ کے بغیر ملکی ترقی اور روزگار میں اضافہ ممکن نہیں خطے کے دیگر ممالک میں ٹیکسٹائل صنعت کو بجلی پر خصوصی رعایت دی جا رہی ہے مگر پاکستان میں بڑھتے اخراجات نے پاور لومز انڈسٹری کو شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے ۔اجلاس میں وزیراعظم سے مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی وزرائے خزانہ اور پانی و بجلی کو عہدوں سے ہٹایا جائے ، سولر پالیسی سابقہ نرخوں پر بحال کی جائے ، پاور لومز کے لئے بجلی سستی کی جائے ، ٹیکسوں میں ریلیف دیا جائے ، امپورٹ یارن پر ڈیوٹی ختم اور فیبرک درآمد پر پابندی لگائی جائے تاکہ مقامی ٹیکسٹائل ایکسپورٹ میں اضافہ ہو سکے ۔