وفاقی بجٹ عوام دوست ،ریلیف دیا گیا : ملک احمد یار ہنجرا
تنخواہوں، پنشن اور کم از کم اجرت میں اضافہ قابلِ تحسین ہے
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات و ضلعی چیئرمین مسلم لیگ ن ملک احمد یار ہنجرا نے وفاقی بجٹ 2026-27 کو عوام دوست، متوازن اور ریلیف پر مبنی بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے تنخواہ دار طبقے ، پنشنرز، مزدوروں اور متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا ہے جبکہ کم از کم ماہانہ اجرت 37 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار 700 روپے مقرر کی گئی ہے جو خوش آئند اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس میں ریلیف، سابقہ ایڈہاک الاؤنسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنا اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز میں اضافہ عوامی فلاح کی جانب مثبت پیش رفت ہے ۔ملک احمد یار ہنجرا نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود یہ بجٹ معاشی استحکام، روزگار کے مواقع اور عوامی ریلیف کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس بجٹ کے ثمرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔