ایل پی جی 600 روپے کلو تک فروخت، انتظامیہ، مجسٹریٹس مافیا پر قابو پانے میں ناکام
فیصل آباد، جڑانوالہ، سمندری، تاندلیانوالہ، چک جھمرہ اور گردونواح میں ایل پی جی ڈیلرز،ریٹیلرز نے مقررہ نرخ ہوامیں اُڑا دئیے ،گھریلو سلنڈر کی دوگناقیمت وصولی ، نرخوں پر عملدرآمد ،سخت کارروائی کامطالبہ
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی غفلت پرایل پی جی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، مافیا نے اوگرا کے مقررہ نرخ ہوا میں اُڑا دئیے ،فیصل آباد میں ایل پی جی 600 روپے کلو تک فروخت ہونے لگی ۔ ضلع بھر میں ایل پی جی مقررہ نرخوں کے برعکس 550 سے 600 روپے کلو تک فروخت کی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ ادارے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس صورتحال پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں اوگرا کی جانب سے جون کیلئے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308.76 روپے کلو مقرر کی گئی ہے یہ وہ قیمت ہے جس میں تمام ٹیکسز اور پرافٹ مارجن شامل ہے جو عام صارف تک پہنچانے کی قیمت ہے 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈر کی قیمت 3643.41 روپے مقرر کی گئی ہے اور یہ سلنڈر 6600 میں بیچاجارہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ فیصل آباد، جڑانوالہ، سمندری، تاندلیانوالہ، چک جھمرہ اور گردونواح میں ایل پی جی ڈیلرز اور ریٹیلرز سرکاری نرخوں کو نظر انداز کرتے ہوئے 550 سے 600 روپے کلو تک وصول کر رہے ہیں ،گھریلو سلنڈر کی قیمت دوگنا لی جا رہی ہے جس سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔نرخوں پر عملدرآمد کرواناضلعی انتظامیہ اور مجسٹریٹس کی ذمہ داری ہے تاہم ضلع بھر میں نہ تو مؤثر چیکنگ کی جا رہی ہے اور نہ ہی زائد نرخ وصولی پر کارروائیاں نظر آ رہی ہیں۔مہنگائی کے ستائے شہریوں نے وزیر اعلی ٰ،کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ اوگرا کے مقررہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے زائد قیمت وصولی پر سخت کارروائی کی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ مہم شروع کرکے عوام کو ریلیف دیاجائے۔