فلڈ بندوں ،پشتوں کی کڑی نگرانی کے احکامات

فلڈ بندوں ،پشتوں کی کڑی نگرانی کے احکامات

کمزور بندوں کی مرمت ،حفاظتی اقدامات، دستیاب مشینری فعال حالت میں رکھنے ، حالات کے مطابق ہنگامی منصوبہ بندی پر میٹنگ،دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت فلڈ ایمرجنسی پلان پرموثر عملدرآمد، ریسکیو اداروں کے باہمی رابطے ،فیلڈ ٹیموں کی 24گھنٹے دستیابی یقینی بنائی جائے ، سیلابی صورتحال پر بروقت کارروائی کی جائے ،ڈی سی فیصل سلیم

ملتان (لیڈی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بارشوں اور مون سون سیزن کے پیش نظر حفاظتی فلڈ بندوں کی مضبوطی اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے حفاظتی فلڈ بندوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسروں نے انہیں حفاظتی بندوں کی موجودہ صورتحال، حفاظتی اقدامات، دستیاب مشینری اور ہنگامی منصوبہ بندی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ محسن نثار اور اسسٹنٹ کمشنر صدر وقاص ظفر ہمراہ تھے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے فلڈ بندوں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ حفاظتی پشتوں کی مسلسل نگرانی، کمزور مقامات کی فوری مرمت اور تمام ضروری وسائل کی ہر وقت دستیابی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں۔ڈاکٹر فیصل سلیم نے مزید ہدایت کی کہ فلڈ ایمرجنسی پلان پر موثر عملدرآمد، ریسکیو اداروں کے باہمی رابطے اور فیلڈ ٹیموں کی 24 گھنٹے دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال میں فوری اور بروقت کارروائی ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے تحفظ اور ریلیف کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...