ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کا بیوٹیفکیشن کے کاموں کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کا بیوٹیفکیشن کے کاموں کا جائزہ

شہر میں مختلف مقامات پر جاری منصوبوں کاکام تیز کرنے کی ہدایت

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے شہر میں جاری بیوٹیفکیشن اور ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے فرنیچر مارکیٹ، لائبریری پارک، جھنگ روڈ، جنرل بس سٹینڈ اور دیگر مختلف سائٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی واثق عباس ہرل، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ایم عارف، ایم او آئی نعمان زاہد اور دیگر متعلقہ افسر بھی انکے ہمراہ موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام سائٹس کا معائنہ کیا اور جاری کاموں کی رفتار و معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف مقامات پر شہری سہولیات اور خوبصورتی کے منصوبوں میں مزید بہتری کیلئے چند ضروری تبدیلیاں کرنے اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔

جنرل بس سٹینڈ کے دورے پرمسافروں کو فراہم سہولیات کا جائزہ لیا اور مسافر خانوں میں مزید بہتری لانے ، تمام مشینری کو ہر وقت فعال رکھنے ، واش رومز کی صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے اور بس سٹینڈ کی بیرونی جانب مزید تزئین و آرائش کے اقدامات کی ہدایت کی۔لائبریری پارک کے معائنے پرانہوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو ہدایت کی کہ پارک کے باہر قائم فوڈ سٹالز کو مناسب اور نزدیک ترین متبادل جگہ دی جائے تاکہ کاروباری افراد کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ عائشہ رضوان نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبوں کو مقررہ معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ چنیوٹ شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو اور شہری صاف ستھرے اور خوبصورت ماحول سے مستفید ہو سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں