ای پی اے کی طرف سے شہر کو دو اینٹی سموگ گنز فراہم

ای پی اے کی طرف سے شہر کو دو اینٹی سموگ گنز فراہم

گردوغبار کے خاتمہ سمیت ہاٹ سپاٹ مقامات پر واٹر سپرے سے سموگ واضح کم ہوگی

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی طرف سے فیصل آباد کے ماحول کوترو تازہ اور سموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے دو اینٹی سموگ گنز فراہم کردی گئیں۔ڈ ی جی ای پی اے عمران حامد شیخ نے ڈی سی کمپلیکس میں بٹن دبا کراینٹی سموگ گنز کا افتتاح کیا۔اے ڈی سی جی انور علی،اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ مدثر ممتاز، ڈپٹی ڈائریکٹرانوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی عثمان اظہر کے علاوہ صدر چیمبر آف کامرس فاروق یوسف شیخ،چیئرمین ایپٹیپما باؤ اکرم،وحید خالق رامے سمیت صنعتی و کاروباری نمائندگان بھی شریک تھے۔ اس موقع پر دی یونیورسٹی آف فیصل آباد اور ای پی اے میںسموگ کی روک تھام کیلئے تحقیقی ریسرچ کے فروغ کیلئے ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب بھی ہوئی ڈپٹی ڈائریکٹر (ای پی اے )نے انسدادی و حفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی۔

ڈی جی ای پی اے نے میڈیاجو بتایا کہ لاہور میں گزشتہ سال کامیاب تجربہ کے بعد آئندہ سموگ سیزن کیلئے فیصل آباد کو2 اینٹی سموگ گنز فراہم کی گئی ہیں جنکی بدولت مٹی دھول اور گردوغبار کے خاتمہ سمیت ہاٹ سپاٹ مقامات پر پانی کا سپرے کرنے سے سموگ میں واضح کمی آئیگی۔ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔صنعتی شہر ہونے پر فیصل آبادمیں چینلجز کا سامنا ہے تاہم مربوط اقدامات کو بروئے کار لاکر سموگ کے مضر اثرات پر قابو پانا ناگزیر ہے ۔صنعتکاروں نے فیصل آباد کو اینٹی سموگ گنز کی فراہمی پر حکومت کا شکریہ اداکیا اور یقین دلایا کہ صنعت سے وابستہ افراد ماحول کو شفاف بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں