ضلع کی گولڈن جوبلی بھر پور انداز میں منائیں گے :ثاقب خورشید
مختلف سماجی، ثقافتی، تعلیمی اور تاریخی پروگرام منعقد کیے جائیں گے : ایم پی اے
وہاڑی(نمائندہ خصوصی )مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی میاں ثاقب خورشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع وہاڑی کی گولڈن جوبلی تقریبات یکم جولائی سے 4 جولائی 2026 تک بھرپور انداز میں منائی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع وہاڑی کو یکم جولائی 1976 کو ضلع کا درجہ دیا گیا تھا اور جولائی 2026 میں اس تاریخی سنگِ میل کو 50 سال مکمل ہو جائیں گے میاں ثاقب خورشید نے کہا کہ ضلع وہاڑی کا قیام ان کے والد مرحوم میاں خورشید انور کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ تھا، جنہوں نے علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے نمایاں کردار ادا کیا انہوں نے کہا کہ گولڈن جوبلی تقریبات کے دوران مختلف سماجی، ثقافتی، تعلیمی اور تاریخی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
جن میں ضلع کی پچاس سالہ ترقی اور اہم شخصیات کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ یہ تقریبات ضلع وہاڑی کے عوام کے لیے ایک یادگار موقع ہوں گی، جن کے ذریعے نئی نسل کو ضلع کی تاریخ، ترقیاتی سفر اور بزرگ رہنماؤں کی خدمات سے آگاہ کیا جائے گا۔ میاں ثاقب خورشید نے عوام، سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے تقریبات میں بھرپور شرکت کی اپیل بھی کی۔