یوم حضرت عمرفاروقؓ سرکاری طور پر منایا جائے ،مقررین
صحابہ ؓ ، اہلبیت ؓ کی شان میں گستاخی کرنیوالوں کیلئے سخت کارروائی کی جائے
ملتان (کرائم رپورٹر)جماعت اہل سنت کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے ملتان پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ خلفائے راشدین کے ایام وصال و شہادت سرکاری سطح پر عقیدت و احترام کے ساتھ منائے جائیں اور ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا جائے ۔پریس کانفرنس میں حافظ محمد فاروق خان سعیدی، وسیم ممتاز ایڈووکیٹ، پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری، سید محمد رمضان شاہ فیضی، قاری فیض بخش رضوی، قاضی محمد بشیر گولڑوی، ڈاکٹر ارشد علی بلوچ، قاری خادم حسین سعیدی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
رہنماؤں نے کہا کہ اگر ان مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو دیگر تنظیموں کے ساتھ مل کر ملک گیر پرامن تحریک چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یکم محرم الحرام کو یوم شہادت سیدنا عمر فاروق اعظمؓ کے طور پر سرکاری سطح پر منایا جائے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر صحابہ کرامؓ اور اہل بیت اطہارؓ کی توہین کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ سائبر کرائم ایکٹ کے تحت فوری اقدامات کئے جائیں۔رہنماؤں نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے ، ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور خطبات جمعہ میں سیرت فاروق اعظمؓ پر روشنی ڈالنے پر زور دیا۔