محرم الحرام، لودھراں میں فلیگ مارچ کا انعقاد، سکیورٹی سخت
لودھراں(سٹی رپورٹر) محرم الحرام کے دوران امن و امان اور سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ضلع بھر کے تینوں سرکلز میں فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ ۔۔۔۔
فلیگ مارچ کی قیادت ڈی پی او لودھراں کیپٹن (ر) علی بن طارق اور متعلقہ سرکل افسران نے کی۔ بھاری نفری کے ہمراہ فلیگ مارچ شہر کے اہم مقامات، مرکزی بازاروں، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس سے گزرا تاکہ شہریوں میں احساسِ تحفظ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے ۔صدر سرکل میں فلیگ مارچ ڈی پی او آفس سے شروع ہو کر مختلف شاہراہوں سے گزرتا ہوا دوبارہ ڈی پی او آفس پر اختتام پذیر ہوا۔ کہروڑپکا میں یہ فلیگ مارچ ڈی ایس پی آفس سے شروع ہو کر بخاری چوک، ریلوے پھاٹک اور میلسی چوک سے ہوتا ہوا واپس ڈی ایس پی آفس پہنچا۔اسی طرح دنیاپور سرکل میں فلیگ مارچ ڈی ایس پی آفس سے روانہ ہو کر کاظمی چوک اور دوکوٹہ چوک سمیت مختلف علاقوں سے گزرا اور بعد ازاں واپس ڈی ایس پی آفس پر اختتام پذیر ہوا۔اس موقع پر ڈی پی او کیپٹن (ر) علی بن طارق نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امام بارگاہوں اور جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ڈی پی او نے واضح کیا کہ امن میں خلل ڈالنے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں اور اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔