اسلامیہ یونیورسٹی میں طالبعلم کی وفات، تحقیقات کا مطالبہ

اسلامیہ یونیورسٹی میں طالبعلم کی وفات، تحقیقات کا مطالبہ

کینٹین سے کھانے کے بعد طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقلی میں تاخیر کا الزام

قصبہ گجرات (نامہ نگار) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں قصبہ گجرات کے طالب علم تنزیل کی ناگہانی وفات پر علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی جبکہ اہلِ خانہ نے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق قصبہ گجرات کی معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر نفیس الرحمان سندھو کے جواں سال بیٹے تنزیل بی بی اے کے دوسرے سمسٹر کے طالب علم تھے ۔ اہلِ خانہ کے مطابق تنزیل نے یونیورسٹی کی کینٹین سے کھانا کھانے کے ساتھ کولڈ ڈرنک بھی استعمال کی جس کے کچھ ہی دیر بعد ان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی اور وہ بے ہوش ہو گئے ۔اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی میں ایمبولینس کی سہولت موجود ہونے کے باوجود اسے بروقت استعمال نہیں کیا گیا۔ بعد ازاں ریسکیو 1122 کو طلب کیا گیا جنہوں نے انہیں ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے ۔ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے متعلقہ کینٹین کو سیل کر دیا ہے جبکہ واقعے کی اصل وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں اور تحقیقات جاری ہیں۔تنزیل کے اہلِ خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں، طبیعت خراب ہونے کی اصل وجہ معلوم کی جائے ، طبی امداد اور ہسپتال منتقلی کے عمل کا جائزہ لیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں