فوڈاتھارٹی کے چھاپے ، 12ہزار لٹر ناقص آئل ضبط
پروڈکشن ہاؤس سے فنگس زدہ مضرصحت 18ہزار کلو اچار بھی برآمد
ملتان (لیڈی رپورٹر)ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے ملتان کا اچانک دورہ کرتے ہوئے دفتری امور کا جائزہ لیا اور فیلڈ میں کارروائیوں کی خود نگرانی کی۔ مختلف علاقوں میں قائم 3 بڑے فوڈ پروڈکشن یونٹس پر کارروائی کے دوران سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق بستی علی والا، گردیزی موڑ اور خانیوال روڈ پر معائنوں کے دوران ایک فیٹ رینڈرنگ یونٹ میں چربی سے تیار کردہ کھلا آئل سپلائی کیا جا رہا تھا جبکہ یونٹ کے پاس فوڈ لائسنس اور ماحولیاتی رجسٹریشن بھی موجود نہیں تھی۔ حکام نے 12 ہزار لیٹر غیر معیاری آئل ضبط کرکے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔دوسری کارروائی میں اچار تیار کرنے والے یونٹ سے 18 ہزار کلو گرام فنگس زدہ، بدبودار اور مضر صحت اچار برآمد ہوا جو ناقص ماحول میں تیار کیا جا رہا تھا، جسے موقع پر تلف کر دیا گیا۔علاوہ ازیں سوہن حلوہ کی تیاری میں غیر معیاری انگوری استعمال کرنے پر ایک سویٹس یونٹ کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ سید موسیٰ رضا نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔