کوٹ ادو، تیز رفتار ڈالے کی ٹکر، بزرگ بیوپاری جاں بحق
حادثہ سبزی منڈی کے قریب پیش آیا، نذیر احمد سکنہ کوٹ سلطان کا رہائشی تھا
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) سبزی منڈی کے قریب تیز رفتار ڈالے کی ٹکر سے 70 سالہ بزرگ بیوپاری جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دی جبکہ پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی۔تفصیلات کے مطابق کوٹ ادو سبزی منڈی کے قریب علی الصبح افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں مرغی سپلائی کرنے والے تیز رفتار ڈالے نے پیدل چلنے والے ایک بزرگ کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت نذیر احمد سکنہ کوٹ سلطان کے نام سے ہوئی ہے ، جن کی عمر تقریباً 70 سال بتائی جاتی ہے۔
وہ روزگار کے سلسلے میں کوٹ سلطان سے کوٹ ادو مرچ فروخت کرنے آتے تھے ۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی کے بعد لاش کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو منتقل کر دیا۔ پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر ابتدائی شواہد اکٹھے کر لیے اور مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مرغی سپلائی کرنے والے ڈالے اور دیگر تیز رفتار گاڑیاں شہر کی سڑکوں پر اکثر خطرناک انداز میں چلائی جاتی ہیں، جس سے حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔