ٹریکٹر ٹرالی اور موٹرسائیکل میں تصادم، خاتون جاں بحق
حادثے میں دیور اور کمسن بھتیجی شدید زخمی ہوگئی، ڈرائیور موقع سے فرار
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) تھانہ حویلی کورنگا کے قریب جھنگ روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی اور موٹرسائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں بھابھی جاں بحق جبکہ دیور اور بھتیجی شدید زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق موٹرسائیکل سوار مبشر اپنی بھابھی ملائکہ اور بھتیجی مبشرہ کے ہمراہ عبدالحکیم سے شورکوٹ جا رہے تھے کہ تھانہ حویلی کورنگا کے قریب جھنگ روڈ پر تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں 32 سالہ ملائکہ موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ 5 سالہ مبشرہ اور 25 سالہ جمال شدید زخمی ہو گئے ۔ریسکیو اہلکاروں کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق خاتون اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کبیروالا منتقل کیا۔ حادثے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے ۔پولیس تھانہ حویلی کورنگا نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔