گریجویٹ کالج مظفرگڑھ کا سالانہ کانووکیشن، گولڈ میڈلز تقسیم
حکومت پنجاب تعلیم کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی،اجمل چانڈیہ
مونڈکا (نامہ نگار) گورنمنٹ گریجویٹ کالج مظفرگڑھ کا دوسرا سالانہ کانووکیشن 2026ء علمی وقار اور شاندار انتظامات کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کو ڈگریاں، اسناد اور گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔تقریب کی صدارت پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب سردار اجمل خان چانڈیہ نے کی جبکہ غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کے اعلیٰ سطحی وفد نے خصوصی شرکت کی۔ وفد میں رجسٹرار ڈاکٹر محمد آصف، ڈاکٹر محمد ضیاء اللہ اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد مدثر مقبول شامل تھے ۔ بی ایڈ میں طارق حسین، کیمسٹری میں مریم یونس، اکنامکس میں عون رضا، انگلش میں سمایہ ریاض، اسلامیات میں بختاور خان، ریاضی میں کرن فضل، فزکس میں علیزہ زہرا، پولیٹیکل سائنس میں محمد شہزاد اور سیما بلال، اردو میں رقیہ مشتاق جبکہ زوالوجی میں علی حسن نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔
اساتذہ کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا اور KPI‘s انڈیکس کے مطابق بہترین ٹیچر قرار پانے والے پروفیسرز کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔سردار اجمل خان چانڈیہ نے کہا حکومت پنجاب تعلیم کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے معاشرتی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور ایسے کانووکیشن طلبہ کی حوصلہ افزائی کا اہم ذریعہ ہیں۔تقریب کے اختتام پر پرنسپل ڈاکٹر اشرف حسین نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ادارے میں علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔