بجٹ آل شریف سے شروع ہو کر آل شریف پر ختم ، احسن قریشی

بجٹ آل شریف سے شروع ہو کر  آل شریف پر ختم ، احسن قریشی

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی میاں احسن علی قریشی نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی بجٹ آل شریف سے شروع ہو کر آل شریف پر ختم ہوا، جبکہ غریب عوام کو کسی قسم کا حقیقی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں مزدوروں، کسانوں، تاجروں، بے روزگار نوجوانوں اور سرکاری ملازمین کے حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھائی ہے ۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں احسن علی قریشی نے کہا کہ کسان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، تاہم انہیں اپنی فصلوں کے مناسب نرخ نہیں مل رہے ۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں خاطر خواہ اضافے کا مطالبہ بھی کیا۔انہوں نے ایوان میں علیحدہ صوبہ سرائیکستان کے قیام کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ خطے کے عوام کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے سرائیکی صوبہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 انہوں نے کوٹ ادو میں نئی یونیورسٹی کے قیام، احسان پور میں ڈگری کالج کے اجراء، مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کو فوری فعال کرنے ، حلقہ کی خستہ حال سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور تونسہ پنجند لنک کینال و مظفرگڑھ کینال پر قائم پلوں کو ڈبل کرنے کے مطالبات بھی پیش کیے ۔میاں احسن علی قریشی نے اپنے خطاب میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے محرم الحرام کے مقدس ایام کے حوالے سے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کربلا حق، صداقت، صبر اور استقامت کی لازوال مثال ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کی رہنمائی کرتا رہے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں