کوہ سلیمان بارشیں، دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں سے پانی کی آمد کے باعث دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق مختلف بیراجوں پر پانی کی صورتحال مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے جبکہ نہری نظام کے ذریعے زرعی مقاصد کیلئے پانی کی فراہمی جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق تونسہ بیراج پر پانی کی آمد ایک لاکھ 94 ہزار 83 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 69 ہزار 183 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ تونسہ بیراج سے نکلنے والی تونسہ پنجند لنک کینال میں 12 ہزار کیوسک، مظفرگڑھ کینال میں 6 ہزار کیوسک، ڈیرہ غازی خان کینال میں 6 ہزار 500 کیوسک اور کچھی کینال میں 400 کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے ۔دوسری جانب چشمہ بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 10 ہزار 139 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 3 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
چشمہ جہلم لنک کینال میں 8 ہزار 681 کیوسک جبکہ سی آر بی سی کینال میں 3 ہزار 500 کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے ۔کالاباغ کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 28 ہزار 140 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 20 ہزار 760 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح گڈو بیراج پر پانی کی آمد ایک لاکھ 52 ہزار 800 کیوسک، سکھر بیراج پر ایک لاکھ 7 ہزار کیوسک جبکہ کوٹری بیراج پر 22 ہزار 300 کیوسک پانی کی آمد ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ آبپاشی حکام کے مطابق دریائی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے ۔