انسانی حقوق کی پاسداری پہلی ترجیح ، مرزا سلیم اختر
کوٹ ادو (نمائندہ دنیا)چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب انٹرنیشنل ہیومن رائٹس پاکستان مرزا سلیم اختر نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی پاسداری پہلی ترجیح ہے اور پسے ہوئے طبقات کی مؤثر آواز بننا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلعی چیئر پرسن عائشہ راؤ، وائس چیئر پرسن سحرش جھنڈیر اور تحصیل صدر شیخ محمد اکرم کے ہمراہ لیاقت مغل، راجہ فاروق اور دیگر سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ معاشرے میں جہاں کہیں بھی انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے ، انٹرنیشنل ہیومن رائٹس پاکستان اس کے سدباب اور متاثرہ افراد کو انصاف دلانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
مرزا سلیم اختر نے کہا کہ تحصیل کہروڑپکا میں ایک منظم اور مضبوط ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ یہاں انسانی حقوق کے تحفظ اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ متحرک، فعال اور درد دل رکھنے والے افراد کو اس کارواں میں شامل کیا جائے تاکہ ادارہ مزید مؤثر انداز میں اپنا کردار ادا کر سکے ۔اس موقع پر کہروڑپکا ٹیم کی جانب سے مکمل تعاون اور تنظیمی سرگرمیوں میں بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی۔