بلدیہ کی غفلت، سڑک پر ڈسٹ بین ٹرالیاں ناکارہ ہونے لگیں
میلسی (نامہ نگار) بلدیہ افسران کی مبینہ نااہلی کے باعث ڈسٹ بین ٹرالیاں گزشتہ کئی سالوں سے سڑک پر پڑی ہیں جنہیں مبینہ طور پر نشئی افراد لوہا کاٹ کر نقصان پہنچا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تین سال قبل مائنر روڈ پر سیوریج لائن کی کھدائی کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بلدیہ کی جانب سے ڈسٹ بین ٹرالیاں سڑک پر رکھی گئی تھیں، تاہم بعد ازاں انہیں واپس اٹھانے کی زحمت نہیں کی گئی۔ اس غفلت کے باعث یہ سرکاری ٹرالیاں وہیں پڑی رہیں اور اب مبینہ طور پر نشئی افراد ان سے لوہا کتر کر اپنا نشہ پورا کر رہے ہیں۔شہریوں کے مطابق بلدیہ کی لاپرواہی کے باعث قومی خزانے سے خریدی گئی یہ قیمتی ٹرالیاں تباہ ہونے کے قریب پہنچ گئی ہیں، جس سے سرکاری وسائل کو شدید نقصان ہو رہا ہے ۔شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین راؤ ظفر اقبال نے کمشنر ملتان سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داران کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔