یتیم بہن بھائیوں سے اراضی پر قبضے کی کوشش، انصاف کی اپیل
قبضہ مافیا کی دھمکیاں، عدالتی حکم کے باوجود کارروائیاں جاری، محمد حسنین مجاور
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) سخی سرور تحصیل کوٹ چھٹہ ڈیرہ غازیخان کے رہائشی یتیم محمد حسنین مجاور نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق چیئرمین اور دیگر افراد یتیم بچوں کے حقوق پر ناجائز طور پر قابض ہو کر گزشتہ چار سال سے ظلم و زیادتی کر رہے ہیں، اور انہیں ان کی ملکیتی اراضی سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔مظفرگڑھ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سابق چیئرمین سخی سرور ملک یاسین کی مبینہ ایماء پر ارشد اقبال اور غلام عباس عرف جمعہ نے خواتین کے ذریعے کوئٹہ روڈ نزد ایم سکندر عباس ٹف ٹائل فیکٹری کے قریب دو کنال سے زائد اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق وہ 14 یتیم بہن بھائیوں کو ان کی ملکیتی زمین سے محروم کرنے کے لیے اثر و رسوخ استعمال کر رہے ہیں۔محمد حسنین مجاور نے الزام لگایا کہ عدالتی حکم امتناعی کے باوجود ان کی دکانیں مبینہ طور پر غیرقانونی طور پر مسمار کی گئیں اور انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسایا گیا، جو بعد ازاں انکوائری میں جھوٹے ثابت ہونے پر خارج ہو گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محمد وقاص اور سابق چیئرمین ملک یاسین کی جانب سے انہیں دھمکیاں دی گئی ہیں کہ اگر انہوں نے قانونی کارروائی جاری رکھی یا زمین پر جانے کی کوشش کی تو انہیں جان سے مار دیا جائے گا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مبینہ قبضہ مافیا سوشل میڈیا پر بیانات دے کر معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہا ہے اور ان کے حمایتی شہریوں کو بھی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں یا ان کے خاندان کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار سابق چیئرمین اور ان کے ساتھی ہوں گے ۔متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آئی جی پنجاب پولیس، ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، آر پی او ڈیرہ غازی خان اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا نوٹس لے کر اراضی واگزار کرائی جائے اور انہیں تحفظ و انصاف فراہم کیا جائے۔