تنظیم مغلیہ کا اجلاس، فلاحی سرگرمیوں کی تفصیل پیش
غریب خاندانوں کی امداد اور میڈیکل کیمپس،کارکردگی،فلاحی سرگرمیوں پر بریفنگ
وہاڑی (خبر نگار)تنظیم مغلیہ وہاڑی کے عہدیداران اور مجلس عاملہ کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں تنظیم کی گزشتہ تین ماہ کی کارکردگی اور فلاحی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری تنظیم مغلیہ وہاڑی محمد یسین مغل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ تنظیم کی جانب سے تین بیوہ خواتین کو ماہانہ مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ایک یتیم بچی کی شادی پر بھی مالی معاونت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلاحی سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور برادری کے مخیر حضرات سے مزید تعاون کی توقع ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تنظیم کی جانب سے دو میڈیکل کیمپس کا انعقاد بھی کیا گیا جن میں غریب افراد کا مفت چیک اپ اور ادویات فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ مغل بچیوں کی شادی کے لیے میرج کمیٹی اور تعلیمی معاونت کے لیے ایجوکیشن کمیٹی بھی فعال انداز میں کام کر رہی ہے ، جبکہ یتیم بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کا بھی عزم کیا گیا ہے۔
اجلاس میں نئے ممبران محمد شفیق مغل، محمد منیر مغل، محمد ارشد مغل، مرزا صغیر احمد مغل اور اللہ دتہ مغل کو شامل کیا گیا جن سے حلف مہمان خصوصی محمد امین مغل صدر انجمن مغلیہ بورے والا نے لیا۔اس موقع پر رمضان المبارک میں فنڈز دینے والے افراد میں کارکردگی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں تاکہ وہ آئندہ بھی برادری کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔ اجلاس سے ڈاکٹر محمد سلیم مغل نے بھی خطاب کیا جبکہ محمد اکبر مغل نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر محمد سعید مغل سرپرست اعلیٰ اور عبدالرزاق مغل صدر تنظیم مغلیہ وہاڑی نے برادری کی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں مختلف عہدیداران اور مجلس عاملہ کے اراکین نے شرکت کی اور تمام شرکاء کے لیے پرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا۔