محرم سکیورٹی پلان، فول پروف سکیورٹی وانتظامات کی ہدایت
ڈی پی او خانیوال کا ٹریفک مینجمنٹ ، جلوسوں و مجالس کے انتظامی امور کا جائزہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عابد کی زیر صدارت محفوظ اور پرامن محرم الحرام کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پولیس افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔تفصیلات کے مطابق اجلاس میں ایس پی انوسٹیگیشن شاہد رشید، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور جلوسوں و مجالس کے حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی پی او محمد عابد نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے باقی ایام میں سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر اور فول پروف بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران و اہلکار اپنے فرائض انتہائی ذمہ داری، مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیں، جبکہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر سخت نگرانی اور مشکوک افراد کی کڑی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈی پی او نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے ، اس لیے حساس مقامات، امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کو مزید سخت بنایا جائے ۔انہوں نے جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی بڑھانے اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ نظام کو مکمل فعال رکھنے کے بھی احکامات جاری کیے ۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ضلع خانیوال میں امن، رواداری اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔